)حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے تناظر میں آثارِ قدیمہ و عجائب گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات طلب

جمعہ 22 اگست 2025 20:20

× پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں مکانات، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسی تناظر میں صوبہ بھر میں موجود آثارِ قدیمہ کے مقامات اور عجائب گھروں کے ممکنہ متاثر ہونے کی تفصیلی رپورٹ صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کے اندر ارسال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ڈائریکٹر جنرل، محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر، ڈاکٹر عبدالصمد کی ہدایت پر ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، مردان، صوابی اور بونیر کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

یہ ٹیمیں متعلقہ مقامات پر موجود آثارِ قدیمہ اور عجائب گھروں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر اور تمام متعلقہ معلومات دستاویزی شکل میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی اینڈ میوزمز کو مقررہ وقت میں فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کے لیے موحید گل (کیوریٹر)، امان اللہ (اسسٹنٹ ڈائریکٹر) اور فضل احد (ورک سپروائزر)، ہزارہ ڈویژن کے لیے سید نیاز علی شاہ (کیوریٹر) اور محمد منیر (آرکیالوجیکل کنزرویٹر)، مردان کے لیے نیاز ولی (فیلڈ سپروائزر) اور محمد طیب جبکہ صوابی اور بونیر کے لیے گل نبی (فیلڈ آفیسر) اور ارشد خان (سب انجینئر) پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ایک ہفتے کے اندر متاثرہ مقامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوں گی۔