صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کی268 ویں سالانہ عرس کا آغاز

عرس کا افتتاح رسم چادر پوشی سے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:25

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت بابا بلھیّ شاہ ؒ کے 268ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح رسمِ چادرپوشی سے کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ بابا بلھے شاہ ؒپرُ امن بقائے باہمی کے امین تھے۔ رواداری کے فروغ کے لیے آپؒ ؒ کی شعری کاوشوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

موجودہ حکومت آپؒ کے مزار کو'' ماڈل شرائن'' کے طور پر آراستہ کر رہی ہے۔ حضرت بابا بلھے شاہؒ نے معاشرے میں مذاکرے اور مکالمے کو رائج کیا، زیر دستوں اور معاشرے کے پِسیّ ہوئے طبقات کے مسائل اور مصائب کو اُجاگر کیا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کی خانقاہیں رواداری، انسان دوستی، محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت تھیں،انہوں نے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ سترہویں صدی کے ممتاز صوفی بزرگ اور پنجابی ادبیات میں ایک مستقل حیثیت کے حامل ہیں،ان کا لب ولہجہ از حد موثر اور حسینی انگ اور آہنگ سے متصف ہے۔

(جاری ہے)

ان کی فکر و دانش کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب وملت پذیرائی میسر آئی۔انہوں نے بابابلھے شاہ ؒ کے مزار پر جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ؒکی درگاہِ معلی ایسی ادارہ سازی سے طویل عرصے تک محروم رہی جہاں سے آپؒ کے فکر و فن کا ابلاغ ممکن ہوسکتا۔ چنانچہ ایک جامع پراجیکٹ کے ذریعے دربار شریف پر لائبریری، سماع ہال ایمفی ''Amphi''تھیٹر کو بطور خاص شامل کیا گیا، تاکہ وہ ادبی، ثقافتی اور روحانی اقدار وروایات اور لوک ورثہ۔

۔۔جن سے محرومی کے سبب آج سوسائٹی توڑ پھوڑ کاشکار ہے، کو از سرنو زندہ اور تازہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں ترقیاتی منصوبے میں لنگر، سکیورٹی، صفائی، واش رومز، وضوخانے، سرائے پارکنگ، جنازہ گاہ، لینڈ سکیپ سمیت ضروری اجزاء شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس شریف کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی، جس میں، محفل نعت، محفل سماع، مذاکرہ /مشاعرہ اورتقریری مقابلہ سمیت دیگر ایونٹس شامل ہیں۔

اس موقع پرڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو،ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون (ایسٹ)اشفاق ڈیال،منیجر اوقاف طارق محمود نجمی اور اوقاف کے آفیسران، ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن اور پولیس کے ذمہ داران سمیت دیگر محکموں کے آفیسران و اہلکاران، امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :