سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ربیع کے سبز چارے کی بروقت کاشت کی ہدایت

ہفتہ 23 اگست 2025 17:32

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکار وں کوربیع کے سیزن میں سبز چارے کی بروقت کاشت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ہفتہ کوزراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برسیم، لوسرن اور اگیتی جئی جیسے اہم ربیع کے چارے کی کاشت فوری طور پر شروع کر دیں اور ممکنہ حد تک جلد مکمل کر لیں ،ان اجناس کی بروقت کاشت سے نہ صرف مویشیوں کو غذائیت سے بھرپور چارہ دستیاب ہوگا بلکہ کسانوں کو بھی فی ایکڑ پیداوار میں بہتری کے ساتھ منافع حاصل ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زرخیز اور نرم زمین کا انتخاب کریں ۔ زمین کی تیاری کے دوران 3 سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر مٹی کو اچھی طرح بھربھرا کر لیں تاکہ بیج کی بہتر نشوونما ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو تجویز دی کہ گوبر کی گلی سڑی کھاد 12 سے 15 گڈے فی ایکڑ زمین میں شامل کریں ، جس سے فصل کی بڑھوتری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اگر گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو متبادل کے طور پر 2 بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ استعمال کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکارربیع کے چارے کی کاشت سے متعلق مزید رہنمائی حاصل کرنے کے لیے قریبی زرعی دفتر یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔