Live Updates

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس

پیر 1 ستمبر 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے ہفتہ وار گورننس جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلابی صورتحال کے تناظر میں صوبے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور سپلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کو روکنے کے حوالے سے سخت انتظامات کرنے اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں گندم کی خریداری کے حوالے سے معاملات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

گورننس امور کا جائزہ اجلاس چیف سیکرٹری آفس میں پیر کو منعقد ہوا جس میں سیکرٹریز سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو اشیائے خوردونوش خصوصی طور پر آٹے کی موجودہ قیمتوں کا پچھلے ہفتے کی قیمتوں سے موازنے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس کو دیگر گورننس امور پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ای آفس کے تحت ای سمری کا اجرا تمام محکموں میں کردیا گیا ہے۔ 680 سمریز سسٹم کے ذریعے متعلقہ حکام تک بھیجوائی گئی ہیں۔ اجلاس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ٹھنڈیانی پراجیکٹ، گنھول ٹورزم زون، درابن اکنامک زون، پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سوات موٹروے فیز ٹو، پشاور میں نئے ٹرشری کئیر ہسپتال پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ غیر قانونی تعمیرات اور اس ضمن میں جاری این او اسیز کے معاملے پر چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ایسے تعمیراتی منصوبے جن کو این او سی جاری ہوئے ہیں مگر کام ابھی شروع نہیں ہوا ان تمام منصوبوں پر کام روک دیا جائے اور صورتحال کا اسرنو جائزہ لیا جائے۔اجلاس میں پانی کے بہائو کے راستے میں تجاوزات کیخلاف کاروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں تجاوزات کیخلاف دو قسم کے آپریشن جاری ہیں جس میں پانی کے بہاو کے راستے میں تعمیرات کیخلاف خصوصی آپریشن کیا جارہا ہے۔ پانی کے راستے میں تعمیرات کی دس سال پہلے کے نقشے سے موازنہ کے بعد کاروائیاں شروع کی جاری ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری ایریگیشن کو ٹاسک حوالے کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات کی غلط این او سیز جاری کرنے والے تحصیل میونسپل افسران کیخلاف سیکرٹری بلدیات کاروائی کریں گے۔

چیف سیکرٹری نے سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اسی طرح اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کمراٹ میں لینڈ یوز پلان کی تیاری تک تعمیرات روک دی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری کا ڈی سلٹنگ سے متعلق کہنا تھا کہ نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کے بعد ٹیکنالوجی بیسڈ ویریفیکیشن کیلئے محکمہ ایریگیشن اقدامات کرے۔ اجلاس کو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے کم خرچ تعمیرات اور کم وقت میں تعمیر ہونے والے اسٹرکچرز کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو گڈ گورننس روڈ میپ کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر اہداف پر پیشرفت کی صورتحال پر بھی بریف کیا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات