چین کا روسی شہریوں کے لئے آزمائشی طور پر ایک سال کی مدت کے لئے ویزا فری پالیسی کا نفاذ کرنے کا فیصلہ

منگل 2 ستمبر 2025 16:31

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) چین نے روسی شہریوں کے لئے آزمائشی طور پر ایک سال کی مدت کے لئے ویزا فری پالیسی کا نفاذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نفاذ رواں سال 15 ستمبر سے شروع کیا جائے گا جو آئندہ سال 14 ستمبر تک جاری رہے گا۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے منگل کو پریس کانفرنس کے ودوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت عام پاسپورٹ رکھنے والے روسی شہری جو کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات، ایکسچینج وزٹ یا ٹرانزٹ کے لیے چین آتے ہیں، وہ زیادہ سے زیادہ 30 دن کے لیے بغیر ویزا چین میں داخل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین دونوں ممالک کی عوام کے درمیان تبادلے میں سہولت پیدا کرنے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روسی شہریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ چین کا دورہ کریں۔ ■

متعلقہ عنوان :