سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے بھارتی کمپنی کو خام تیل کی فراہمی روک دی

عراق کی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی سومونے بھی بھارتی کمپنی نیارا انرجی کو تیل بیچنا بند کر دیا

منگل 2 ستمبر 2025 22:00

سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے بھارتی کمپنی کو خام تیل کی فراہمی ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) مودی حکومت کی بدترین کارکردگی اور بے جا ہٹ دھرمی کے باعث بھارت سفارتی تنہائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہوگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیاہے کہ سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے بھارتی کمپنی نیارا انرجی ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی روک دی۔

اس کے علاوہ عراق کی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی سومونے بھی بھارتی کمپنی نیارا انرجی کو تیل بیچنا بند کر دیا۔رائٹرز کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے روسی حمایت یافتہ کمپنیوں پر پابندیوں کے بعد کیا گیا ہے۔رائٹرز کے ذرائع نے کہا کہ جولائی کے بعد سے بھارتی انرجی کمپنی نیارا کو سعودی عرب اور عراق سے کوئی تیل نہیں ملا۔

(جاری ہے)

اگست کے مہینے میں بھارتی انرجی کمپنی نیارا نے صرف روسی خام تیل پر انحصار کیا جو عام طور پر ہر ماہ 20لاکھ بیرل عراق اور 10لاکھ بیرل سعودی عرب سے تیل درآمد کرتی تھی۔

رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی پابندیوں کے باعث بھارتی انرجی کمپنی نیارا کو خام تیل کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے کہ بھارتی انرجی کمپنی نیارا کی ریفائنری بھارتی ریاست گجرات کے علاقے وادینار میں واقع ہے اور اس وقت صرف 70سے 80 فیصد استعداد پر کام کر رہی ہے۔رائٹرز نے سعودیہ اور عراق سے تیل کی فراہمی کی بندش سے متعلق نیارا کمپنی سے موقف جاننے کی کوشش کی لیکن فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

ادھر روسی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی انرجی کمپنی نیارا کو روسنیفٹ سے براہ راست تیل فراہم کیا جا رہا ہے۔ماہرین نے کہاکہ بھارتی انرجی کمپنی نیارا کو عالمی شپنگ کمپنیوں سے بھی مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث بھارتی انرجی کمپنی نیارا اب تیل کی ترسیل کے لیے’’ڈارک فلیٹ‘‘کہلانے والے غیر رجسٹرڈ جہازوں پر انحصار کر رہی ہے۔یاد رہے کہ جولائی میں بھارتی انرجی کمپنی نیارا کے سی ای او نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ یہ صورتحال بھارت کی توانائی فراہمی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔