میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد کے ملازمین نے دو ماہ کی تنخواہ نہ ملنے پر کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:18

اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد کے ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث کام چھوڑ کر ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور وہ شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صفائی ستھرائی کے عملے کے ہڑتال پر جانے کے بعد شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جبکہ سیوریج کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے عوام کو سخت تکالیف کا سامنا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ 6 ستمبر کو عید میلادالنبی کا بابرکت دن منایا جائے گا، جس کے سلسلے میں جلسے اور اجتماعات منعقد ہوں گے۔ اس صورتحال میں شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے مذہبی تقریبات متاثر ہو سکتی ہیں۔عوام اور سماجی حلقوں نے حکام بالا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سرانجام دے سکیں اور شہر کی حالت بہتر ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :