ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 خیبر پختونخوا میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے انٹرویوزکی تاریخ کا اعلان

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)ریسکیو 1122 خیبر پختونخوامیں 2022 کو مشتہر کی جانے والی خالی اسامیوں پر انٹرویوز 15 اکتوبر2025 سے منعقد کئے جائیں گے ۔ ان اسامیوں کے لئے ایٹا نے فیزیکل ٹیسٹ مارچ تا جولائی 2022 اور تحریری امتحان ستمبر تا اکتوبر 2022 منعقدکر کے مکمل کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122خیبر پختونخواطیب عبداللہ نے کہا ہے کہ انٹرویو منعقد کرنے کے لئے سمری کی منظوری دی گئی ہے اور بھرتی کا یہ سارا عمل صوبائی حکومت کی میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہو کر انصاف ،میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا جار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ریسکیو1122 کے انٹر ویوز سوشل میڈیا لنک کے ذریعے لائیو نشر کیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں شفافیت کے مزید اقدامات کے طور پر احتساب کے سرکاری اداروں بشمول نیب ، انٹی کرپشن اور بین الاقوامی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور سول سوسائٹی کے اداروں سمیت میڈیا کے نمائندو ں کو بھی انٹر ویوز کے عمل کا مشاہدہ کرنے کے لئے مدعو کیا جارہا ہے۔