ث*ٹی20 سیریز : زمبابوے کی سری لنکا کو دوسرے میچ میں شکست ، سیریز برابر

اتوار 7 ستمبر 2025 18:00

؁ہراری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء)زمبابوے نے سری لنکا کو ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میں میزبان زمبابوے نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب مہمان ٹیم کے بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 100 رنز کا ہدف بھی نہ دے سکے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں صرف 80 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کامل مشرا نے سب سے زیادہ 20 رنز بنائے، جس کے لیے انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چوکے لگائے۔کپتان چریتھ اسالینکا نے 18 اور داسن شناکا نے 15 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دہرے ہندسے کو عبور نہیں کر پایا۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے نپی تلی بولنگ کی اور 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، بریڈ ایوانز بھی 3 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز بھی اتنا اچھا نہیں تھا اور 20 رنز پر پہلی وکٹ گری جب تادیواناشے مارومانی 17 رنز بنا کر چمیرا کی گیند پر آٹ ہوئے۔چمیرا نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپنر برائن بینیٹ اور سکندر رضا کو آٹ کیا جنہوں نے بالترتیب 19 اور 2 رنز بنائے اور سین ولیمز صفر پر آٹ ہوئے۔رائن برل اور تاشینکا موسیکیوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 20 اور 21 رنز بنا کر 15 ویں اوور کی دوسری گیند پر باآسانی 84 رنزکا ہدف حاصل کرکے ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی جب کہ سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے زمبابوے نے 5 وکٹوں سے فتح کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر کردی، سری لنکا نے پہلا میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا تھا جبکہ تیسرا اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :