Live Updates

ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ کا سیالکوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، کسانوں کو رہنمائی اور امداد فراہم کی

پیر 8 ستمبر 2025 17:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول نے ضلع سیالکوٹ کی تحصیلوں ڈسکہ اور پسرور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں حالیہ شدید بارشوں کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے سیوکے، منڈیکی گورائیہ، کسووالہ، کوٹلہ باوہ فقیر چند اور کوٹلی کرلاں میں کسانوں سے ملاقات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر عامر رسول کے ہمراہ ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پیسٹ وارننگ سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع، کامران بھٹی، ڈائریکٹر زراعت( توسیع) ڈاکٹر شکیل احمد،ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)پیسٹ وارننگ تلفور الحسن بھی موجود تھے۔ افسران نے مقامی سطح پر زرعی سرگرمیوں، فصلوں کی صورتحال اور کسانوں کو درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے کسانوں کو موجودہ صورتحال میں دھان کی فصل کی بہتر نگہداشت اور زرعی زہروں کے محفوظ استعمال کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات کے پیش نظر کسانوں کو محتاط رہنے اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔افسران نے فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور متاثرہ کسانوں میں مویشیوں کے لیے چارہ تقسیم کیا۔ بعد ازاں انہوں نے زرعی ادویات کی مقامی دکانوں کا معائنہ بھی کیا جہاں زرعی زہروں کے سٹاک اور ممنوعہ زہروں کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :