سعودی عرب اور مصر کے درمیان ریاض میں میری ٹائم مذاکرات مکمل

منگل 9 ستمبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) میری ٹائم ٹرانسپورٹ اور پورٹس کے لیے سعودی عرب اور مصر کی ’ٹیکنیکل کمیٹی فار میری ٹائم ٹرانسپورٹ اینڈ پورٹس‘ کے اجلاس کا نواں سیشن ریاض میں مکمل ہوگیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی اور مصر کے اعلٰی سطح کے وفد نے اس سیشن میں میری ٹائم ٹرانسپورٹ میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے معاملات پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

دونوں طرف سے سرکاری اہلکاروں نے خلیج عقبہ میں مسافروں کے سفر سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔اجلاس میں بحیرۂ احمر میں درپیش چیلنجوں پر بات ہوئی اور بحری جہازوں کے لیے ’پورٹ سٹیٹ کنٹرول‘ کے طریقۂ کار کو بہتر بنانے پر غور ہوا۔دونوں ملکوں نے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا جو بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لے گا اور اس کا حل تجویز کرے گا۔اس مقصد کے لیے ایک علیحد ٹیم بنائی جائے گی جو دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔