سیوریج اور سڑک کے کام سے متعلق درخواست، ڈپٹی کمشنر کو15 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2025 15:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے شاہدرہ ٹائون میں سیوریج اور سڑک کے کام سے متعلق درخواست درخواست نمٹا تے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو زیر التواء درخواست پر پندرہ روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی ٹی آئی کارکن اکمل خان کی جانب سے دائر پٹیشن پر سماعت کی۔درخواست گزارکی طرف سے سردار خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے کی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عثمان خان نے بتایاکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں۔ تاہم وکیل درخواست گزار نے اس مقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیئے کہ اگر فیصلہ نہیں کیا گیا تو عدالت ڈپٹی کمشنر کو اس بارے میں حکم جاری کرے گی۔ اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ شاہدرہ کے علاقے کا ایڈمنسٹریٹر کون ہی سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پورے لاہور کا ایک ہی ایڈمنسٹریٹر ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور بطور ایڈمنسٹریٹر زیر التوا درخواست پر پندرہ روز کے اندر فیصلہ کریں اور اس کے ساتھ ہی پٹیشن نمٹا دی گئی۔