روایتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند، واک ان اور پست ٹنل میں سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں،ماہرین زراعت

منگل 9 ستمبر 2025 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین سبزیات نے موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے ٹنل کے طریقہ کاشت کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین نے کہا کہ چونکہ پنجاب میں دسمبر اور جنوری میں درجہ حرارت کم ہونے اور کورا پڑنے کی وجہ سے موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھیت میں اگانا ممکن نہیں لہٰذاموسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے ٹنل کاشت طریقہ کو رواج دیا گیا ہے کیونکہ ٹنل میں کاشت کی گئی سبزیاں فی ایکڑ پودوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ روایتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند، واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیرا، ٹماٹر، شملہ مرچ، سبز مرچ، گھیا کدو، گھیا توری، کریلا، چپن کدو، حلوہ کدو، بینگن، تربوز اور خربوزہ کی سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبزیوں کو شدید سردیوں کے موسم میں انتہائی نگہداشت کےلئے پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شدید سردی اور کورے کے باوجود ان سبزیوں کے پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس کے باعث یہ جلد تیار اور اچھے داموں میں فروخت ہوتی ہیں جس سے کاشتکاروں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پڑھے لکھے نوجوان کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ اس ٹنل فارمنگ پر مکمل دسترس کیلئے عملی تربیت حاصل کریں۔انہوں نے ٹنل کے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ ٹماٹر، شملہ مرچ، سبزمرچ اور بینگن کی نرسری کی کاشت ستمبر کے آخر تک اور کھیرا،گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، حلوہ کدو، چپن کدو، خربوزہ اور تربوز کی براہ راست کاشت نومبر کے آخرتک مکمل کرلیں۔