محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے افسران کو روزانہ فیلڈ وزٹ کرکے کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2025 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے افسران کو کسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے روزانہ فیلڈ وزٹ کرکے کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ بعض علاقوں میں اکادکا مقامات پرمعمولی سطح پرکپاس کی فصل پر رس چوسنے والے کیڑوں،سبز تیلہ،سفید مکھی اور گلابی سنڈی کی کچھ علامات مشاہدہ میں آئی ہیں اسلئے اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

شعبہ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسرار ارشد نے کہاکہ گلابی سنڈی کابروقت انسدادضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیڑوں کا حملہ اگر معاشی نقصان کی حد یعنی سبز تیلہ ایک بالغ یا بچہ فی پتا، سفید مکھی 5بالغ یا بچے فی پتا یا دونوں ملا کر 5فی پتہ اور گلابی سنڈی 5سنڈیاں فی 100نرم ٹنڈے سے زیادہ نظر آئے تو کیڑوں کے انسداد کیلئے محکمہ زراعت کی طرف سے سفارش کی گئی زہریں ٹرائی ایزوفاس 1000ملی لیٹر یا لیمبڈا سائی ھیلوتھرین 330ملی لیٹر یا گیما سائی ھیلوتھرین 100ملی لیٹر فی ایکڑ استعمال کی جائیں کیونکہ اس سے کیڑوں سے کافی حد تک نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیڑوں کے خلاف زہروں کا استعمال سفارش کی گئی مقدار میں اور بروقت کرنا ضروری ہے بصورت دیگر مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے اور وقت و پیسے کے علاوہ فصل کا بھی نا قابل تلافی نقصان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم فصلوں پر بیماریو ں اور کیڑوں کے حملہ سے بچاؤ کیلئے کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کریں۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں سستی اور تساہل سے کام لینے والے فیلڈ افسران کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :