پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے مری روڈ پر بیوٹیفیکیشن اور ہارٹیکلچر کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

منگل 9 ستمبر 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کی جانب سے شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کو جاذب نظر اور سرسبز بنانے کیلئے بیوٹیفیکیشن اور ہارٹیکلچر کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ مریڑ چوک سے فیض آباد تک مختلف مقامات پر شجرکاری، سبزہ زاروں کی تزئین و آرائش اور عوام کے لیے بیٹھنے کی جگہوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

پی ایچ اے کی جانب سے مری روڈ کے گرین بیلٹس پر مختلف اقسام کے پودے اور رنگ برنگے پھول لگائے جا رہے ہیں جبکہ ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے تاکہ خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔ اسی سلسلے میں مری روڈ پر ایک شاندار کلاک ٹاور کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے جو شاہراہ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے مری روڈ پر پیدل چلنے والوں کے لیے آرام دہ نشست گاہیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں تاکہ شہری نہ صرف یہاں بیٹھ کر سکون حاصل کر سکیں بلکہ مرکزی شاہراہ کی دلکش فضا سے بھی لطف اندوز ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو کے ستونوں کو خوبصورت ڈیزائنز اور سجاوٹ کے ذریعے دلکش بنایا جا رہا ہے جبکہ فیض آباد کے گرین بیلٹس پر خوبصورت پلانٹرز اور ان پر پینٹنگز کا کام بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :