کمشنر کوئٹہ وایڈمنسٹریٹر شاہ زیب کاکڑ کا ایم سی کیو فائر سٹیشنز کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا اور فائر عملے سے ملاقات کی

بدھ 10 ستمبر 2025 21:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ نے بدھ کے روز میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے باچا خان چوک اور کواری روڈ پر واقع فائر سٹیشنز روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سہولیات کا جائزہ لیا اور فائر عملے سے ملاقات کی۔دورے کے دوران کمشنر کوئٹہ نے فائر مین، افسران اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور مشینری و آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عملے کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے متعلق دریافت کیا اور یقین دہانی کرائی کہ آلات اور وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے پرانی اور ناکارہ مشینری کی فوری نیلامی کا بھی حکم دیا تاکہ جدید مشینری کی فراہمی ممکن ہو سکے اور فائر سروسز کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ نے کہا کہ فائر بریگیڈ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور انتظامیہ اس شعبے کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دورے کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لا دلاور خان اور ڈائریکٹر فائر سروسز عبد الحق اچکزئی بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔