زراعت کے شعبے میں مضبوط اکیڈمیاانڈسٹری تعلقات اور ویلیو ایڈیشن سے زرعی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر ذوالفقار علی

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) زراعت کے شعبے میں مضبوط اکیڈمیاانڈسٹری تعلقات، ویلیو ایڈیشن،ضرورت پر مبنی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دسترس تک بہم پہنچا کر زرعی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ایگری کنیکٹ انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ٹھوس تحقیقی کام اور آؤٹ ریچ پروگراموں کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہنرمند افرادی قوت پیدا کرنے کے لیے نصابی جائزے کے عمل میں اپنی رائے دینے کے لیے صنعت کو بھی مدعو کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اور مٹی کا کٹاؤ زراعت کے شعبے کے لیے سنگین خطرات کو جنم دے رہا ہے۔ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ متعدد زرعی چیلنجوں کے پیش نظر جدید زرعی طریقوں کو اپنانا وقت کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ معاشی خوشحالی بھی لائے گی۔

چیئرمین شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ ملک کو وسائل کے بہترین استعمال اور کسان برادری کی آمدنی بڑھانے کے لیے جدید طریقہ کاشت کو رواج دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیشن کا مقصد صنعت سے وابستہ ماہرین اور کسانوں کو زرعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے ان کی آراء لینا ہے۔ سلک بائیو ٹیک ایگری انڈسٹری سے ژانگ، ڈاکٹر صدام حسین، ڈاکٹر صغیر، ڈاکٹر فہد رسول، ملک شمشیر، ایف ایف سی سے ندیم طارق، تارا گروپ سے احمد سلیم، احمد نوید، شفیق الرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔