البانیہ نے دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت پر مبنی حکومتی وزیرکا تقررکردیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:24

تیرانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) البانیہ کے وزیراعظم ایڈی راما نے اعلان کیا کہ انہوں نے دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت سے تخلیق کردہ حکومتی وزیر کو کابینہ میں شامل کر لیا ہے، جسے عوامی ٹینڈرز کی نگرانی کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔سوشلسٹ پارٹی کے اجلاس میں نئی کابینہ پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس ورچوئل وزیر کا تعارف کرایا جسے دیلا (البانی زبان میں سورج کہا جاتا ہے۔

ایڈی راما کے مطابق دیلا حکومت کی پہلی رکن ہے جو جسمانی طور پر موجود نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے تخلیق کی گئی ہے۔ یہ تمام عوامی ٹینڈرز کے فیصلے کرے گی، انہیں 100 فیصد کرپشن فری بنائے گی اور ہر عوامی فنڈ شفاف طریقے سے استعمال ہوگا۔دیلا کو رواں سال جنوری میں ایک AI اسسٹنٹ کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا جو روایتی البانوی لباس میں ایک ورچوئل خاتون کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے اور عوام کو سرکاری ای۔

(جاری ہے)

البانیا پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف دستاویزات اور خدمات فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک یہ نظام 36 ہزار 600 سے زائد ڈیجیٹل دستاویزات جاری کر چکا ہے اور تقریباً 1 ہزار خدمات فراہم کر چکا ہے۔ایڈی راما، جنہوں نے مئی کے انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد مسلسل چوتھی بار وزارتِ عظمیٰ سنبھالی ہے، آئندہ دنوں میں نئی کابینہ کو پارلیمان میں پیش کریں گے۔تجزیہ کاروں کے مطابق کرپشن کے خلاف یہ اقدام البانیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ **شفافیت اور احتساب** اس عمل کے بنیادی تقاضے ہیں۔