ناجائز منافع خوری یا اوورچارجنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)

پیر 15 ستمبر 2025 16:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں پر کڑی نگرانی جاری ہے۔ مارکیٹوں اور دکانوں میں آٹا اور چینی وافر مقدار میں دستیاب ہیں جبکہ نرخ نامے دکانوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے گئے ہیں تاکہ شہری با آسانی سرکاری نرخ پر خریداری کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سرگودھا رانا محمد ابوبکر نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سرکاری ریٹ کے مطابق 10 کلو آٹے کاتھیلا 905 روپے، 20 کلو آٹا 1810 روپے، چینی 175 روپے فی کلو اور روٹی 14 روپے ہر جگہ دستیاب ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )نے تاجر حضرات کو واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر ناجائز منافع خوری یا اوورچارجنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو بھی دکاندار یا نانبائی خلاف ورزی کرے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، مارکیٹوں کا مسلسل معائنہ کریں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ آٹا، چینی اور دیگر ضروری اشیا ہر جگہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور عوام کو مقررہ نرخ پر ان کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :