میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نااہل افسران کی عدم توجہ سے درجنوں مین ہولز کے ڈھکن غائب

پیر 15 ستمبر 2025 22:56

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نااہل افسران کی عدم توجہ سے درجنوں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، لاہور روڈ،ریلوئے روڈ،سندر روڈ،مانگا روڈ سمیت دیگر اہم شاہرائوں پر نصب مین ہول ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے حادثات معمول بن گئے۔معلوم ہوا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چند افسران نے مین ہول ڈھکن کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے،ناقص میٹریل سے تیارشدہ ڈھکن تنصیب کے چند روز بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے حادثات کی شرح میں اضافہ ہو تا جارہا ہے رات کی تاریکی میں آنے والی گاڑیاں کھلے مین ہول میں گررہی ہیں مسافر زخمی اور گاڑیاں تباہ ہو رہی ہیں لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن نکھٹو افسران کی وجہ سے عوام کی جان دا پر لگی ہوئی ہے چند ماہ قبل ڈی سی لاہور کی جانب سے لاہور کی تمام تحصیلوں میں مین ہولز ڈھکن لگانے کے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں تحصیل رائے ونڈ میں درجنوں مقامات پر مین ہول کے ڈھکن غائب پائے گئے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے بھجوائے گئے مین ہول ڈھکن نصب ہونے کے چند روز بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں،مین ہول ڈھکن کی تیاری میں غیر معیاری میٹریل استعمال ہونے سے ڈھکن چند دنوں میں ٹوٹنے لگے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 15ہزار روپے میں تیار ہونیوالے ڈھکن میں انتہائی غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جارہا ہے جبکہ پلاسٹک سے تیار ڈھکن کی مالیت آٹھ ہزار روپے سے زائدبتائی جارہی ہے تحصیل بھر میں سینکڑوں جبکہ صرف رائے ونڈ شہر میں درجنوں مین ہول کے ڈھکن موجود نہیں ہیں جہاں ڈھکن نصب کئے گئے وہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں،رائے ونڈ شہر کی مختلف شاہراں پر نصب سیمنٹ کے ڈھکن انتہائی خستہ حال ہیں لوہے کے سریے باہر نکل آچکے ہیں جس سے روزانہ حادثات رونما ہو رہے ہیں لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔شہریوں نے کمشنر لاہور سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔