لاہور ہائیکورٹ: ریلوے حادثہ کیس میں نظرثانی درخواست مسترد

پیر 15 ستمبر 2025 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) ریلوے پھاٹک پر عملے کی غفلت سے پیش آنے والے حادثے میں چار افراد کی ہلاکت کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے ریلوے کے دو ملازمین کی سزا پر نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملازمین کی غفلت سے بڑے سانحات جنم لیتے ہیں، اس طرح کی غفلت اور ریکارڈ میں ردوبدل کے بعد سزا کو رعایت میں نہیں بدلا جا سکتا۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریلوے کے جمعدار محمود علی اور گیٹ کیپر احمد فراز کی غفلت کے باعث پتوکی کے قریب پھاٹک کھلا رہنے سے ٹرین کار سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے کے نتیجے میں دو سگے بھائی اپنی بیگمات سمیت جاں بحق ہوگئے۔ٹرائل عدالت نے احمد فراز کو سات سال قید اور 94 لاکھ روپے دیت کی سزا سنائی تھی جبکہ محمود علی کو مجموعی طور پر 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وکلائے ملزمان نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا، تاہم ہائیکورٹ نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ٹرائل عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔