سرکاری ملازمین کا تحفظ اور ان کے حقوق کا دفاع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، فضل حکیم یوسفزئی

پیر 15 ستمبر 2025 20:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کا تحفظ اور ان کے حقوق کا دفاع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ویٹرنری ہسپتال سیدو شریف سوات میں محکمہ فشریز کے ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ملازمین کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور بہتر سروس ڈلیوری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر پالیسی سازی اور ٹھوس فیصلے کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داریاں مزید جانفشانی اور دیانتداری کے ساتھ ادا کر سکیں۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی سلطان روم، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سردار علی، مختلف ویلج کونسلوں کے چیئرمینز، آل درجہ چہارم ملازمین ضلع سوات کے صدر سید خطاب سمیت فشریز کے ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں محکمہ فشریز کے ملازمین نے صوبائی وزیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور عزم کے نتیجے میں محکمہ فشریز کے ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا اور انہیں دوبارہ اپنے اصل محکمے میں مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا۔

اس موقع پر ملازمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، محنت اور لگن سے ادا کرتے رہیں گے اور محکمے کی نیک نامی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور اور صوبائی وزیر فضل حکیم خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملازمین کو اپنے محکمے میں باقاعدہ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے۔