ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کی جانب سےتین روزہ یوتھ کانفرنس کاانعقاد

پیر 15 ستمبر 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا نے ضم ضلع مہمند کے نوجوانوں کے لیے ایک نجی فلاحی ادارے کے تعاون سے خانسپور یوتھ ہاسٹل ایوبیہ میں تین روزہ یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کانفرنس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنا، ان میں قیادت کا جذبہ پیدا کرنا اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔

کانفرنس میں نوجوانوں کو قیادت، ڈیجیٹل خواندگی، غلط اور گمراہ کن معلومات کی پہچان، ماحولیاتی تبدیلی، کاروباری جدت و کمیونٹی سروس، ڈیجیٹل مہارتوں اور کیریئر کونسلنگ جیسے اہم موضوعات پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس مقصد کے لیے موٹیویشنل اسپیکرز اور ماسٹر ٹرینرز نے نوجوانوں سے خصوصی سیشنز لیے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں تربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تفریحی اور مطالعاتی ٹورز کا بھی اہتمام کیا گیا جن کے دوران نوجوانوں نے ایوبیہ نیشنل پارک، گونڈہ گلی ٹریک، جی پی او مری، مال روڈ اور مری چیئر لفٹ سائٹ کی سیر کی۔

تقریب کے اختتام پر نوجوان شرکاء کو اسناد جبکہ ماسٹر ٹرینرز کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔ ضم ضلع مہمند کے نوجوانوں نے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کے لیے ایک بھرپور اور تعمیری پروگرام منعقد کیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے اسی نوعیت کے تربیتی پروگرام اور تعلیمی دورے جاری رہیں گے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :