بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر سست روی سے جاری ترقیاتی کام شہریوں کیلئے اذیت بن گئے ہیں،پشتونخواملی عوامی پارٹی

پیر 15 ستمبر 2025 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں شہر کے مختلف علاقوں میںجاری ترقیاتی کاموں میں سست روی کے باعث گردوغبار، گندگی ،سیوریج کے بڑے نالوں کے سلیب ٹوٹنے ، حادثات رونماء ہونے، سپیڈ بریکرز ناقص ہونے اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میٹروپورلیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مین جناح روڈ، کواری روڈ، پٹیل روڈ، سائنس کالج چوک، پرنس روڈ، زرغون روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں سست روی کے ساتھ جاری ترقیاتی کام شہریوں کے لیے اذیت بن چکا ہے ۔ مذکورہ بالا علاقوں کے مکین ، تعلیمی اداروں ، اکیڈمیوں کے طلباء وطالبات،سرکاری ونجی ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے اٹینڈنٹس کو مشکلات مٹی کے شدید گردوغبار کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ٹھیکیدار کی جانب سے پانی کے چڑکائو کا کوئی نظام نہیں۔اور جاری کام میں انتہائی ناقص میٹریل کا استعمال کیا جارہا ہے جس کا نوٹس لینا انٹی کرپشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دن رات ہیوی ٹریفک ، چوراہیں بند ہونے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے۔ اسی طرح سپیڈ بریکرز خراب ہونے کے باعث شہریوں کے گاڑیوں کے ٹائر برسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

جبکہ سیوریج کے بڑے نالوں کے سلیبس جو کہ اکثر ٹوٹ چکے ہیں ان میں آئے روز گاڑیاںاور بالخصوص موٹر سائیکلیں گرنے کے حادثات ہورہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کا ہر علاقہ گندگی سے دوچار ہوچکا ہے ، ملیریاسمیت مختلف امراض سے بچائو کے لیے ہونیوالی سپرے کی خطیر رقم کو کرپشن کی نذر کردی گئی اور حال ہی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں اربوں روپے کی کرپشن کے اخباری بیانات دراصل شہریوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈال کر کوئٹہ شہر کو کھنڈرات اور عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہیں۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہنگامی بنیادوںپر شہرمیں صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے سیوریج کے سلیبس رکھنے ، سپیڈ بریکرز بنانے اور جاری کاموں کو مقررہ وقت پر معیار کے ساتھ مکمل کرکے شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔