وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ "جیل صحت پروگرام" کا آغاز کیا گیا ہے، وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ

پیر 15 ستمبر 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ "جیل صحت پروگرام" کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کی جیلوں میں قید قیدیوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے جو قیدیوں کے بنیادی حقوق اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے جیل صحت پروگرام کے تحت سینٹرل جیل کوئٹہ میں میڈیکل اسکریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان شہیک بلوچ ،آئی جی جیل خانہ جات ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے جیل میں قیدیوں کو دی جائے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جیلوں میں موجود قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے ذمہ دارانہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ اس پروگرام کے تحت قیدیوں کو ہیپاٹائٹس اے اور بی، تپ دق (TB)، بلڈ پریشر، ذہنی امراض سمیت 30 سے ذائد دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے معائنہ، ادویات اور علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں قیدیوں کی صحت کو وہ ترجیح نہیں دی گئی جس کی وہ حقدار تھے، تاہم موجودہ حکومت نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے کہ پہلی مرتبہ خصوصی طور پر جیلوں میں صحت کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر جیل صحت پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ قیدیوں کو بھی وہی علاج اور سہولتیں میسر ہوں جو معاشرے کے دیگر افراد کو حاصل ہیں،ہمارا مقصد صرف علاج معالجہ فراہم کرنا نہیں بلکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص، ویکسینیشن اور آگاہی مہم کے ذریعے قیدیوں کو صحت مند بنانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قیدی ہمارے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جن کی صحت کے بارے میں سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند قیدی ہی صحت مند سماج کی ضمانت ہیں۔یہ پروگرام وقت کے ساتھ مزید وسعت دی جائے گا اور بلوچستان کی تمام جیلوں میں اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور قیدیوں سمیت ہر شہری کو معیاری طبی سہولتوں تک رسائی دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے جیل میں قید بچوں خواتین اور دیگر افراد کے تربیتی پروگرام کابھی معائنہ کیا۔جہاں جیل حکام کی جانب سے صوبائی وزیر کو قیدیوں کو دی جانے والی سہولت تربیت اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلا بریفنگ دی گئی۔