امریکی ٹینس سٹارز سرینا ولیمز اور وینس ولیمز نے پوڈکاسٹنگ شروع کر دی

منگل 16 ستمبر 2025 10:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) امریکا کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار بہنوں سرینا ولیمز اور وینس ولیمز نے پوڈکاسٹنگ شروع کر دی۔ امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق سرینا ولیمز اور وینس ولیمزکے پوڈکاسٹ ’’سٹاکٹن سٹریٹ‘‘ کی پہلی قسط بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر نشر کیا جائے گا۔

یہ پوڈکاسٹ ہر دو ہفتے بعد بدھ کو جاری کیا جائے گا۔ "سٹاکٹن سٹریٹ" کا نام اس گلی کے نام پر رکھا گیا ہے جہاں کامپٹن، کیلیفورنیا میں ان کا آبائی گھر واقع تھا ، وہی جگہ جہاں سے ان کے ٹینس کیریئر کا آغاز ہوا۔ پوڈ کاسٹ کی پہلی قسط آرتھر ایش سٹیڈیم میں فلمایا گیا ہے، جو یو ایس اوپن کا مرکزی میدان ہے۔ اسی سٹیڈیم میں سرینا ولیمزنے اپنے 23 میں سے 6 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتے جبکہ وینس ولیمزنے 7 میں سے 2 ٹائٹل یہاں حاصل کیے تھے۔

(جاری ہے)

سرینا ولیمز نے 2022 یو ایس اوپن کے بعد پروفیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ 45 سالہ وینس ولیمز حال ہی میں یو ایس اوپن میں ویمنزسنگلز، ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں شرکت کرکے 1981 کے بعد سب سے عمر رسیدہ سنگلز کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ وینس ولمزنے جولائی میں 16 ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ ٹینس سرکٹ میں واپسی کی تھی۔ولیمز بہنوں کا یہ پوڈکاسٹ شائقین کو نہ صرف ان کی ذاتی کہانیوں سے روشناس کروائے گا بلکہ کھیل، زندگی اور جدوجہد کے حوالے سے ان کے تجربات بھی سامنے لائے گا۔\932