لاہور ہائیکورٹ، جمشید دستی کی نااہلی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی

منگل 16 ستمبر 2025 14:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے اقدام کے خلاف دائر چار درخواستوں پر سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کو جواب جمع کروانے کے لئے مہلت دے دی۔ عدالت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفرگڑھ کے انتخابی شیڈول کے خلاف جاری حکم امتناعی میں بھی توسیع کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے جمشید دستی کی الیکشن کمیشن کے خلاف چار درخواستوں پر سماعت کی،تین رکنی بینچ میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق شامل ہیں۔منگل کے روز دوران سماعت جمشید دستی اپنے وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ وکالت نامہ اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے کیونکہ ہمیں نوٹس گزشتہ روز ہی موصول ہوا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اٹارنی جنرل کا تحریری جواب آج جمع کرا دیا گیا ہے۔ جمشید دستی کے وکیل اشتیاق اے خان نے کہا کہ مجھے جواب کی کاپی ابھی عدالت میں ملی ہے۔الیکشن کمیشن کے وکیل عمران عارف رانجھا نے بھی اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔