Live Updates

ضلعی انتظامیہ کے بروقت اقدامات، سیلابی دباؤ کم کرنے کیلئے بندوں کی مضبوطی اور ریلیف سرگرمیاں تیز کر دیں ہیں ڈپٹی کمشنر

منگل 16 ستمبر 2025 16:33

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) جلالپورپیروالہ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور شہری بستیوں کو بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ستلج کے بڑھتے ہوئے پانی اور دریائے چناب کی سطح میں کمی کے بعد پانی کا دباؤ جلالپور پیر والہ کی طرف بڑھنے لگا ہے، جس پر انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کام تیز کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے علی پور، خان بیلہ اور دیگر ملحقہ فلڈ بندوں کا ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا اورجاری اپ گریڈیشن و مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ گیلانی روڈ اورشجاع آباد روڈ پربندوں کو مزید بلند کیا جا رہا ہے تاکہ شہری آبادی کو سیلابی ریلے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ذریعے شجاع آباد روڈ پر پڑنے والے نئے شگاف کو فوری طور پر پر کر دیا جبکہ ستلج کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عارضی بند بنانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کے مطابق جلالپورانٹرچینج اورملحقہ علاقوں میں پانی کے اخراج کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں جبکہ گنڈا سنگھ پرپانی کے بہاؤ پر کڑی نظررکھی جا رہی ہے۔ مزید برآں، متاثرہ خاندانوں کی سہو لت کے لیے اضافی فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیےگئے ہیں، جہاں متاثرین کورہائش اورامداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نےعوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :