تحصیل بالاکوٹ کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے منصوبہ کا ابتدائی کام رواں ہفتہ میں شروع ہوگا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ سعدیہ ارشد

منگل 16 ستمبر 2025 21:36

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ سعدیہ ارشد نے کہا ہے کہ تحصیل بالاکوٹ کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے منصوبہ کا ابتدائی کام رواں ہفتہ میں شروع ہوگا۔زلزلہ کے بعد سے اس اہم منصوبے پر غورجاری تھا تاہم کچھ تکنیکی مسائل کے باعث تاخیر ہوئی۔ اب ابتدائی طور پر پندرہ کروڑ روپے کافنڈ جاری ہو چکاہے اور جوڈیشل کمپلیکس کی چاردیواری سمیت دیگر بنیادی کام رواں ہفتے شروع ہونے کا  امکان ہے۔

وہ منگل کے روز بالاکوٹ بار ایسوسی ایشن کے خصوصی دورے کے موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کے درمیان مضبوط تعلق عدلیہ کے وقار اور عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کی ضمانت ہے۔تقریب سےسابق ناظم بالاکوٹ و سینئر قانون دان سردار عبدالرشید ایڈووکیٹ، سینئر قانون دان دلدار احمد خان لغمانی ایڈووکیٹ، سابق جنرل سیکرٹری بالاکوٹ بار عزیر احمد خان ایڈووکیٹ، سابق صدر تحصیل بار عدیل حسین شاہ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری تحصیل بار میاں جمیل الرحمان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اور وکلا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعدیہ ارشد نے تحصیل بار ایسوسی ایشن بالاکوٹ کیلئے کتب اور کراکری فراہمی جبکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سولر سسٹم کی منظوری بھی دی، جس پر وکلا برادری نے خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا۔اس موقع پر تحصیل بار ایسوسی ایشن بالاکوٹ کے صدر سردار محمد اشفاق ایڈووکیٹ نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات وکلا کی سہولیات میں اضافہ اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :