بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی انسدادِ ملاوٹ مہم کوئٹہ و ملحقہ علاقوں میں زور و شور سے جاری

منگل 16 ستمبر 2025 19:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)عوامی صحت کے تحفظ اور ملاوٹ کے خاتمے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ و ملحقہ علاقوں میں دودھ اور دہی کی جانچ پڑتال کی خصوصی مہم جاری ہے۔ مہم کے دوران مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں تک خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس سلسلے میں بلیلی، سملی، کرانی روڈ، بروری اور جان محمد روڈ پر قائم ملک شاپس، سپلائرز اور دودھ بردار گاڑیوں کی انسپیکشن کے دوران معیاری اور خالص دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سخت چیکنگ کی گئی۔مہم کے دوران 1330 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 350 کلو غیر صحت بخش دہی تلف کر دی گئی، جبکہ 8 دودھ فروشوں اور ایک سپلائر پر قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے 23 مراکز اور 31 دودھ بردار گاڑیوں کا معائنہ کیا، جہاں 7320 لیٹر دودھ اور سینکڑوں کلو دہی کے نمونے بی ایف اے کی موبائل لیبارٹری میں ٹیسٹ کیے گئے۔مہم سے متعلق سیکرٹری خوراک بلوچستان منظر جاوید علی نے کہا ہے کہ عوام کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹ جیسے سنگین جرم کے مرتکب عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ دودھ اور دہی خریدتے وقت معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور شکایات کی صورت میں براہِ راست بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کریں۔سیکرٹری خوراک کے مطابق ملاوٹ کے خاتمے اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی، اور اس دوران موبائل لیبارٹری ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر دودھ، دہی اور دیگر ڈیری مصنوعات کے معیار کی جانچ کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :