ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی ممنوعہ پولیتھین بیگز، منی پیرول پمپس اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں

منگل 16 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے پرائس کنٹرول، ممنوعہ پولیتھین بیگز، منی پٹرول پمپس اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن میں متعدد خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات عمل میں لائے گئے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران 170 دکانوں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا گیا، 37 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 25 کو جیل منتقل کیا گیا جبکہ 8 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ 75 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے، 2 منی پٹرول پمپس سیل کیے گئے اور 27 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران بیف شاپس، مٹن شاپس، ڈیری فارمز، ملک شاپس، تندور، پولیتھین بیگز اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف خصوصی اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے سب ڈویژن سریاب میں جبکہ لیاقت علی جتوئی نے میزان چوک، مسجد روڈ اور طوغی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کیں۔

اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے سب ڈویژن سٹی میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے نواں کلی، عالمو چوک اور جناح ٹائون میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کیے۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کی نگرانی میں کچلاک بازار میں بیف، مٹن اور پولٹری شاپس کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف منافع خوری، غیر قانونی پٹرول پمپس اور ممنوعہ پولیتھین بیگز کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔