پنجاب حکومت نے ای ٹیکسی سکیم شروع کردی‘ درخواست جمع کروانے کیلئے آن لائن پورٹل قائم

پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں مختص کی گئی ہیں جو پانچ سال کی آسان بلا سود اقساط پر فراہم کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 ستمبر 2025 11:30

پنجاب حکومت نے ای ٹیکسی سکیم شروع کردی‘ درخواست جمع کروانے کیلئے آن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں سکیم کے لیے مختص کی گئی ہیں جنہیں پانچ سال کی آسان اقساط پر بلا سود فراہم کیا جائے گا، منصوبے کے تحت ایک ہزار گاڑیاں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے اور 100 گاڑیاں انفرادی درخواست گزاروں کے لیے مختص کی گئی ہیں، خواتین کے لیے خصوصی طور پر 30 ای گاڑیاں بھی سکیم میں شامل کی گئی ہیں، درخواست جمع کروانے کے لیے آن لائن پورٹل قائم کردیا گیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ سکیم کے ذریعے روزگار کے مواقع اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، انٹرسٹ کا سارا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی، سکیم کے لیے بہت آسان شرائط رکھی گئی ہیں، منصوبے سے ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کو فروغ ملے گا اور ای ٹیکسی سکیم کے ذریعے عوام کا رجحان الیکٹرک گاڑیوں کی جانب بڑھے گا، اس مقصد کے لیے ای گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت الیکٹرک ٹیکسی کی فنانسنگ کا سود ادا کرے گی، 7 اقسام کی 40 لاکھ سے ایک کروڑ روپے مالیت تک کی گاڑیاں دستیاب ہوسکیں گی، پنجاب حکومت 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کی مد میں 5 لاکھ 85 ہزار ادا کرے گی، الیکٹرک ٹیکسی کی خریداری کیلئے بینکس 65 لاکھ تک فنانس کریں گے، زائد مالیت کی گاڑی کی خریداری پر ادائیگی کنزیومر کو کرنا ہوگی، الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے پر پنجاب حکومت 2 ارب روپے تک خرچ کرے گی، الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے میں 1100 چائینیز گاڑیاں شامل ہوں گی، ابتدائی طور پر الیکٹرک ٹیکسی سروس لاہور میں ہی آپریشنل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :