بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسداد ملاوٹ مہم تیز

بدھ 17 ستمبر 2025 15:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے عوام کوملاوٹ سے پاک دودھ و ڈیری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیےانسدادِ ملاوٹ مہم تیز کر دی ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں میں دودھ و ڈیری مصنوعات کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی کارروائیاں کی گئیں، اس دوران طوغی روڈ، علمدار روڈ، ہزارہ ٹان، سپنی روڈ، کچلاک بازار اور بلیلی میں ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی انسپیکشن کی گئی۔

انسپیکشن کے دوران دودھ اور دہی میں ملاوٹ پائے جانے پر 2 دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ غیر معیاری دودھ اور پاڈر سے تیار کردہ دہی کی بڑی مقدار موقع پر ضبط اور تلف کر دی گئی۔ مجموعی طور پر 31 دکانوں اور 22 دودھ بردار گاڑیوں سے 7 ہزار 720 لیٹر دودھ و دہی کے نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 240 لیٹر دودھ اور 480 کلو دہی میں ملاوٹ ثابت ہونے پر موقع پر ضائع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں 11 دودھ فروشوں اور ایک سپلائر پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سخت قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ عوامی صحت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور وزیر اعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک ٹیسٹنگ مہم کے تحت دیگر اضلاع میں بھی دودھ، دہی اور ڈیری مصنوعات کے معیار کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :