باجوڑ کے بے گھر خاندانوں کی واپسی کا عمل شروع، پہلے مرحلے میں7ہزار افراد اپنے گھروں کو جا رہے ہیں ،پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) قبائلی ضلع باجوڑ کے ماموند علاقے میں آپریشن کے بعد بے گھر ہونے والے خاندانوں کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 7 ہزار افراد اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق ڈمہ ڈولا، واڑہ ماموند، انعام کور چنگی اور ماتو چنگی کے علاقے عسکریت پسندوں سے پاک کیے جاچکے ہیں اور ریاستی رٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفند یار خٹک نے بتایا کہ واپس جانے والے ہر خاندان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر 50 ہزار روپے نقد امداد، 15 ہزار روپے سپیشل راشن الاؤنس اور 25 ہزار روپے واپسی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع صوبیہ حسام طورو نے کہا کہ پی ڈی ایم اےخیبر پختونخوا کی جانب سے بے گھر خاندانوں کو کھانے، طبی سہولیات، تعلیم، خیمے، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مزید علاقوں میں امن قائم ہوتے ہی تمام متاثرہ خاندانوں کو باعزت طور پر واپس بھیجا جائے گا۔یاد رہے کہ 15 اگست 2025 کو شروع کیے گئے آپریشن کے باعث ماموند سے 27 ہزار سے زائد خاندان بے گھر ہوئے تھے جن کے لیے پی ڈی ایم اے نے کیمپ قائم کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :