محکمہ ایجوکیشن میں قابلیت اور مقامی افراد کو اولین فوقیت دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ ایجوکیشن میں قابلیت اور مقامی افراد کو اولین فوقیت دی جائے گی، ضلع نصیرآباد میں 96 میل اور فیمیل اساتذہ تعینات کیے جائیں گے، ان کی تعیناتی کے بعد ضلع بھر کے مختلف بند اسکولز دوبارہ فعال ہوں گے جہالت کی تاریکی کے خاتمے کے لیے موجودہ حکومت کا یہ اقدام مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں اساتذہ کی تعیناتی کے عمل کو شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ضلع انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ بچوں کے مستقبل کے لیے وسیع تر مفاد میں اقدامات کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ نصیرآباد کے سینئر اکاو نٹس آفیسر ساجد جمالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصیر آباد عبدالحمید ابڑو، عبدالواحد سومرو، عمرانہ انجم اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر تمام اساتذہ کے لیے حصہ لینے والے امیدواروں کے ڈاکومنٹس بھی چیک کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر حقدار امیدواروں کی تعیناتی سے بچوں کو مقامی سطح پر بہترین معنوں میں تعلیم دی جا سکے گی ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی بچوں کے بہتر مفاد میں اقدامات کر رہی ہے تاکہ ضلع بھر میں تعلیمی امور کو مزید بہتری کی جانب گامزن کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :