Live Updates

ریجنل انفارمیشن افسر سوات کا مینگورہ میں مختلف پرنٹنگ پریسز کا دورہ

ڈیکلریشن سرٹیفکیٹس چیک کئے ،بعض پرنٹنگ پریسز کو سالانہ رینیول بارے نوٹسز جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 19:25

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد بختیار خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد عمران کی خصوصی ہدایت پر ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر نے اسسٹنٹ حسین علی کے ہمراہ مینگورہ میں مختلف پرنٹنگ پریسز کا دورہ کیا۔اس موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسر نے پرنٹنگ پریسوں کے ڈیکلریشن سرٹیفکیٹس چیک کئے اور بعض پرنٹنگ پریسوں کو سالانہ رینیول کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر رجسٹرڈ پرنٹنگ پریس کو فوری طور پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے رجسٹرڈ کرایا جائے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں سیل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خان سرور وزیر نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ پرنٹنگ پریس مالکان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ پریس کے کاروبارسے منسلک حضرات معاشرے میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ان کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔قبل ازیں ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر نے آل سوات پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے صدر جمیل احمد سے ملاقات کی اور پرنٹنگ پریسوں کی رجسٹریشن، سالانہ رینیول اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ اس حوالے سے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے مکمل تعاون کیا جائے تاکہ غیر رجسٹرڈ پرنٹنگ پریس کو رجسٹرڈ کر سکیں اور صوبائی حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔جمیل احمد نے ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ پرنٹنگ پریسوں کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی، جس پر ریجنل انفارمیشن آفیسر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے جائز ریلیف کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات