اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز میں سپورٹس سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب

بدھ 17 ستمبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی آف سائنسز کی جانب سے 2025 کے اسپورٹس گالا میں شریک طلباء کے اعزاز میں سپورٹس سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب فیکلٹی سیمینار روم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر حافظ غفران احمد اور فیکلٹی اسپورٹس فوکل پرسن ڈاکٹر بشیر احمد نے شرکت کی۔

تقریب میں طلباء میں اسپورٹس سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد نے طلباء کی شخصیت سازی میں کھیلوں کے مثبت کردار پر زور دیا اور انہیں صحتمندانہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔ڈاکٹر حافظ غفران احمد نے تعلیم اور کھیل کے درمیان توازن قائم رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر حد سے زیادہ انحصار کم کرنے کا مشورہ دیا۔فیکلٹی آف سائنسز نے اسپورٹس گالا میں مجموعی طور پر بہترین فیکلٹی ٹرافی جیتنے پر اسے ڈین آفس کے نام پیش کیا۔تقریب کا اختتام ڈاکٹر بشیر احمد کے شکریہ کے کلمات اور طلباء و اساتذہ کے گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔