ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت واسا فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس،بجٹ کی منظور ی

بدھ 17 ستمبر 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واسا فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26 کے لئے 19۔ ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا گیاجسے بورڈ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 7۔ ارب 53 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات جبکہ 11۔

ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ارب 20 کروڑ روپے بیرونی سرمایہ کاری یا فارن فنڈڈ ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھی مختص کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جن کے مطابق پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں پر انفراسٹرکچر چارجز اب واسا لاہور کے طرز پر وصول کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کمرشل پلازہ مالکان سیوریج کے لئے سپیٹک ٹینک تعمیر کریں تاکہ بعد ازاں واسا کی لائنوں سے منسلک کیا جا سکے۔

صنعتی یونٹس اینٹی سپیٹک اور ڈسلٹ ٹینک تعمیر کریں، بغیر ٹریٹمنٹ پانی کو واسا کی سیوریج لائنوں میں شامل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واسا کے این او سی کے بغیر سیوریج سسٹم میں پانی شامل کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے اور عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ واسا عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کو مقرر کردہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔