ّاوشو فاریسٹ صرف جنگل نہیں، سیاحوں کے لیے دلکشی کی نئی پہچان بھی بنے گی، ڈاکٹر عبدالصمد

کالام کے دلکش اوشو فاریسٹ میں ایکو ٹورزم منصوبہ، مقامی روزگار کی نئی راہیں کھلیں گی، سیکرٹری سیاحت

بدھ 17 ستمبر 2025 20:55

1پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین خان گنڈاپور کے سیاحتی ویژن کے فروغ کو عملی جامعہ پہناتے ہوئے صوبے کے سیاحتی مقامات کو مزید پرکشش بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ سیاحت اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کاوشوں سے کالام کی حسین وادی اوشو فاریسٹ میں ایکو ٹورزم زون قائم کیا جا رہا ہے۔

محکمہ جنگلات اور محکمہ سیاحت کے مابین منرو ٹریک مشترکہ منصوبے کے بعد یہ نیا اقدام سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کے استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اوشو فاریسٹ میں روایتی طرز کا ریسٹ ایریا بنایا جائے گا تاکہ آنے والے سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ اوشو فاریسٹ صرف ایک جنگل نہیں بلکہ سیاحوں کے لیے دلکش مقام ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ "اوشو ایکو ٹورزم زون" صوبے کے دیگر منصوبوں کے لیے ایک شاندار مثال ثابت ہوگا جس میں موسم سرما اور گرمیوں کے موسم دونوں کی مناسبت سے خصوصی میپنگ کی جائیگی تاکہ سیاح سال بھر اوشو کے پرفضا ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس منصوبے سے مقامی روزگار کو بھی فروغ ملے گا۔ محکمہ جنگلات نے واضح کیا ہے کہ اوشو کے قدرتی جنگلات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو ماحول کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محکمہ سیاحت کے مطابق ایکو ٹورزم کے فروغ کے لیے محکمہ جنگلات اور مقامی برادری کے تعاون سے مزید منصوبے بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں تاکہ قدرتی ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کے نئے امکانات کھل سکیں