فیصل آباد کی شہری آبادی کو صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی صفائی کے لئے دو بڑے میگا پراجیکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے، ایم ڈی واسا

بدھ 17 ستمبر 2025 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) فیصل آباد کی شہری آبادی کو صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی صفائی کے لئے دو بڑے میگا پراجیکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ان منصوبوں کے حوالے سے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کو ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا اور ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا بھی موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ واسا کی جانب سے شہریوں کو روزانہ101 ملین گیلن صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے تاہم شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید30 ملین گیلن روزانہ صاف پانی کی سپلائی کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جو ستمبر2027ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی33 ملین گیلن روزانہ سیوریج پانی کی صفائی کے منصوبے پر بھی کام شروع کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ دونوں منصوبے20 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ بریفنگ کے دوران کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جس سے شہریوں کو ماحول دوست سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو صاف پانی اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات کی فراہمی واسا کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا شہر کے سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ایک جامع پلان جلد تیار کرے تاکہ بارشوں اور بڑھتی آبادی کے تناظر میں شہریوں کو مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :