دھماکوں کی آواز سے یقین ہوگیا یہ اسرائیلی حملہ ہے،حماس رہ نما

ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تقریبا 12 میزائل داغے گئے، غازی حمد

جمعرات 18 ستمبر 2025 13:37

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)حماس کے رہنما غازی حمد نے بتایا ہے کہ اس دن ہم امریکہ کی جانب سے پیش کیے گئے جنگ بندی کے فارمولے پر غور کر رہے تھے۔ یہ وہی اجلاس تھا جسے اسرائیل نے نشانہ بنایا۔ان کے مطابق ہمیں فورا اندازہ ہو گیا کہ یہ اسرائیلی حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تقریبا 12 میزائل داغے گئے، یہ ہم پر اور برادر ملک قطر پر ایک بزدلانہ جارحیت تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دوحہ اجلاس کے شرکا کو فورا احساس ہوا کہ یہ فضائی حملہ ہے اور وہ عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق غازی حمد ان چھ رہنمائعں میں شامل تھے جو دوحہ میں موجود تھے۔ ان میں خلیل الحیہ، خالد مشعل، زاہر جبارین، باسم نعیم اور طاہر نونو بھی شریک تھے۔اس حملے میں خلیل الحیہ کے بیٹے ہمام الحیہ ہلاک ہو گئے۔ تاہم حماس نے تصدیق کی کہ خلیل الحیہ زندہ ہیں، البتہ کوئی تصویر یا ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔