گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فاربوائز نیو کیمپس میں اعلی افسران کی ہدایت پر سپورٹس گروانڈ اپ گریڈیشن شروع

جمعرات 18 ستمبر 2025 16:53

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج خانیوال کے نئے کیمپس میں ایک انقلابی تبدیلی کا آغاز ہوا ہے، جہاں نئے مقرر ہونے والے پرعزم کیئر ٹیکر علی احمد مون نے اپنی انتھک محنت اور غیر معمولی کاوشوں سے کالج کے ویران اور جنگل میں تبدیل ہو چکے گراؤنڈز کی صفائی کا ایک تاریخی کام شروع کر دیا ہے۔ یہ علاقہ عرصہ دراز سے جھاڑیوں اور خود رو پودوں کے ایک گھنے جنگل میں بدل چکا تھا، جسے اب ایک حیرت انگیز تبدیلی کے ذریعے ایک شاندار کھیل کے میدان میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

یہ گراؤنڈز برسوں سے جنگلی جھاڑیوں اور خود رو گھاس سے اٹے ہوئے تھے، جو ایک پراسرار اور خطرناک جنگل کا منظر پیش کر رہے تھے۔ یہ جنگلی پودے نہ صرف کیمپس کی خوبصورتی کو داغ دار کر رہے تھے بلکہ یہ علاقہ کئی زہریلے موذی جانوروں کی آماجگاہ بن چکا تھا، جس سے طلباء و طالبات کی صحت کو مسلسل خطرہ لاحق تھا۔

(جاری ہے)

کیئر ٹیکر علی احمد مون نے اپنی ذاتی نگرانی اور انتھک محنت سے اس چیلنج کو قبول کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ "اگر اعلیٰ حکام نے ہماری ذرا سی بھی رہنمائی اور حمایت کر دی تو میں اور میرا سٹاف اس جنگل نما کالج کو ایک خوبصورت، صاف ستھرا اور سرسبز کیمپس میں تبدیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔"انہوں نے مزید کہا کہ اس تبدیلی کا مقصد نہ صرف ماحول کو خوبصورت بنانا ہے بلکہ طلباء کو ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کھیلوں اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں بہتر طریقے سے حصہ لے سکیں۔

ان کی اس لازوال محنت اور جذبے کو دیکھ کر کالج کے طلباء، اساتذہ اور عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔کالج کی انتظامیہ اور طلباء کی جانب سے ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن طاہر سلطان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خانیوال حافظ تاج، پرنسپل خلیق الرحمان، اور نیو کیمپس انچارج پرنسپل محترم طفیل کا خصوصی شکریہ ادا کیا جا رہا ہے، جن کی مستقل رہنمائی اور تعاون سے کالج میں ترقی اور بہتری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔اب تمام نظریں اس تاریخی منصوبے کی تکمیل پر ہیں، جس کے بعد کالج کا یہ حصہ طلباء کے لیے کھیلوں اور تفریح کا بہترین مرکز بن سکے گا۔\378

متعلقہ عنوان :