چوہدری شجاعت حسین کے باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چئیرمین بننے کی تردید

چوہدری شجاعت حسین کا سیاسی مقام اور مرتبہ بہت بلند ہے، انہیں ایسے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے، ترجمان مسلم لیگ ق

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 ستمبر 2025 23:46

چوہدری شجاعت حسین کے باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چئیرمین بننے کی تردید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2025ء) چوہدری شجاعت حسین کے باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چئیرمین بننے کی تردید کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ بزرگ سیاستدان چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا صدر بنائے جانے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے ترجمان کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان مصطفیٰ ملک نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چئیرمین نہیں بنے ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کا سیاسی مقام اور مرتبہ بہت بلند ہے، انہیں ایسے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے۔ چوہدری شجاعت حسین سے آج باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر طارق حسن نے ملاقات کی تھی۔

(جاری ہے)

طارق حسن پارٹی کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں، انہوں نے چوہدری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقات میں وفد نے اپنے مسائل اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق چوہدری شجاعت حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر رہ چکے ہیں، اب ان کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین فیڈریشن کے صدر ہیں۔ چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کو تاریخی شکست دی تھی ۔

چوہدری شجاعت حسین اور ان کا خاندان کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔ چوہدری شجاعت کے باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چیئرمین بننے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر متن درست نہیں، لفظی غلطی کا غلط مطلب اخذ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کی شام کو ایک خبر سامنے آئی تھی کہ جس میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ دعوٰی کیا گیا کہ یہ پیش رفت پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر کی چوہدری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقات کے دوران ہوئی ۔