لاہور ہائیکورٹ،زیادتی کیس کے کم سن ملزم کی عبوری ضمانت میں7 اکتوبر تک توسیع

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے بچے سے زیادتی کے درج مقدمے میں کم سن ملزم کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ویڈیو کی فرانزک رپورٹ لازمی پیش کرنے کا حکم دے دیا،جسٹس طارق محمود باجوہ نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالوہاب کی عمر14 سال9 ماہ ہے اور اس کے خلاف تھانہ صدر گجرات میں زیادتی کا مقدمہ درج ہے جبکہ متاثرہ بچے سے زیادتی کی ویڈیو بھی موجود ہے،ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ویڈیو متاثرہ بچے کے والد نے وائرل کی ہے لیکن اس میں زیادتی ثابت نہیں ہوتی،اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی والد اپنے ہی بچے کی نامناسب ویڈیو وائرل کرے؟عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق زیادتی کی کوشش پر بھی عمر قید کی سزا مقرر ہے،وکیلِ صفائی نے مزید کہا کہ عبدالوہاب خود بھی کمسن ہے،اس کی تاریخ پیدائش 15 ستمبر2010 ہے اور اسے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے،اس لیے ضمانت کنفرم کی جائے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ ویڈیو کی فرانزک رپورٹ ہر صورت پیش کی جائے۔