قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور سرکل وویمن ایسوسی ایشن خواتین کی خودمختاری اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے لیے مل کرکام کریں گے،دونوں اداروں کے درمیان معاہدہ طے

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:38

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور سرکل وویمن ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یوکے مطابق مفاہمتی یاداشت کے تحت چھوٹے کاروبار کرنے والی خواتین کو ڈیجیٹل معیشت کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتے ہوئے ان کو خودمختار بنا یا جائے گا۔ اس معاہدہ پرجامعہ کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور سرکل وویمن ایسوسی ایشن کی ایریا کوآرڈینیٹر جی بی سی عزیزہ سولیح نے دستخط کئے ۔

دستخط کی تقریب میں جامعہ قراقرم کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت شراکت داری کا مقصد کاروباری مواقع کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام ( دی ایل پی ) کے لیے اہل خواتین کی شناخت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شرکاء کی اہلیت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیت دی جائے گی۔اس شراکت کا ایک اہم پہلو سرکل کی جدید ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کو استعمال کرنا ہے تاکہ کاروبار شروع کرنے کی خواہشمند خواتین کی مدد کی جا سکے۔

یہ خواتین ایپ پر رجسٹر ہو کر ڈیجیٹل خواندگی، کاروباری صلاحیتوں اور مالیاتی انتظام سے متعلق مختصر ویڈیوز کے ذریعے مسلسل رہنمائی حاصل کر سکیں گی۔ یہ اقدام آن لائن مارکیٹ میں خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔معاہدے میں ایک خصوصی فیلوشپ پروگرام بھی متعارف کرایا گیا ہے جو شرکاء کو تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ، ذاتی رہنمائی، سرکل میں انٹرن شپ کے مواقع کے آئی یو کے ساتھ تعلیمی اشتراک اور ڈیجیٹل میڈیا پر نمایاں تشہیر فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ یہ معاہدہ گلگت بلتستان خو اتین کے لیے امید کی کرن ہے جہاں ٹیکنالوجی اور کاروباری تربیت تک رسائی محدود رہی ہے۔ سرکل وویمن ایسوسی ایشن کے ساتھ شراکت کے ذریعے جامعہ قراقرم نہ صرف تعلیم بہم پہنچا رہا ہے بلکہ ایسی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے جو پائیدار ترقی اور معاشی خودمختاری کو تقویت دیں گی۔ان سے قبل ایریا کوآرڈنینٹر عزیزہ سولیح نے ان خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سرکل کے آئی یو کے ساتھ مل کر خواتین کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کو عام کرنے پر پرجوش ہے۔ تاکہ یہ خواتین ڈیجیٹل دور میں کامیاب ہو سکیں۔