گلوبل صمود فلوٹیلا کو غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اسرائیل

منگل 23 ستمبر 2025 10:50

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی جانب امداد لے جانے والے کسی بھی فلوٹیلا (جہازوں کے قافلے) کو فلسطینی علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی اجازت نہیں دے گا۔اردو نیوز کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کسی بھی جہاز کو ایک فعال جنگی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی بحری ناکہ بندی توڑنے کی اجازت دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر فلوٹیلا کے شرکا واقعی انسانی امداد فراہم کرنا چاہتے ہیں نہ کہ فلسطین کے مقاصد کو تقویت دینا، تو اسرائیل ان جہازوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اشکیلون کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوں جہاں سے امدادی سامان کو مربوط طریقے سے غزہ منتقل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ فلوٹیلا ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے نام سے روانہ ہوا جس میں فلسطین کی حامی کئی ممتاز شخصیات شامل ہیں جن میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

یہ فلوٹیلا کئی دفعہ تاخیر کے بعد رواں ماہ تیونس سے روانہ ہوا جس کا مقصد اسرائیل کی غزہ پر ناکہ بندی توڑنا اور وہاں امداد پہنچانا ہے۔روانگی سے قبل فلوٹیلا کے منتظمین نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی دو کشتیوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔اس سے قبل اسرائیل نے جون اور جولائی میں بھی ایسے دو فلوٹیلاز کو غزہ جانے سے روک دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :