کاشتکاروں کوسفید مولڈکی بیماری سے بچنے کیلئے زمین کو زیادہ نمدار نہ رکھنے کامشورہ

منگل 23 ستمبر 2025 16:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت نے زمیندار وں و کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پلاسٹک ٹنل میں سبزیات کی بیماریوں اکھیڑا، روئیں دار پھپھوند، سفوفی پھپھوند،مرجھاؤ، اگیتا، پچھیتا جھلساؤ، بلاسم اینڈ راٹ کے تدارک اور انسداد کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سبزیوں کی بیماریوں سے پاک اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ سبزیات کی کاشت سے لیکر ان کی برداشت تک کے مراحل میں مذکورہ بیماریاں کسی بھی وقت ان پر حملہ آور ہو کر پیداوارکانقصان کر سکتی ہیں۔ انہوں نے سفید مولڈ کے بارے میں بتایاکہ اس بیماری سے بچنے کیلئے زمین کو زیادہ نمدار نہ رکھا جائے اور فصلوں کے مناسب ادل بدل سمیت پھپھوند کش زہر کااستعمال اس طرح کیاجائے کہ پودے کے ساتھ ساتھ دوائی زمین پر بھی گرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سبزیات پر اکھیڑے کے حملہ کی صورت میں جس زمین پر اس بیماری کا حملہ ہو اس میں دو تین سال تک یہ فصل کا شت نہ کی جائے۔انہوں نے کہاکہ روئیں دار پھپھوند کاحملہ شروع ہونے سے قبل اس کا تدارک انتہائی مشکل ہوتاہے لہٰذا کاشتکار ٹنل میں درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرتے ہوئے پھپھوند کش زہر کا سپرے بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ سفوفی پھپھوند پر قابو پانے کیلئے صبح یاشام کے وقت ٹنل میں سپرے کرتے ہوئے نمی کو بھی کنٹرول کیاجائے۔

انہوں نے بتایاکہ بیج کو موزوں پھپھوند کش زہر لگاکر کاشت کرنے سمیت فصلوں کا ادل بدل کرکے مرجھاؤ کی بیماری سے بچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل میں زیادہ نمی، اگیتے جھلساؤ کاباعث بنتی ہے لہٰذا ٹنل کے اندر نمی کو مناسب حد تک رکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ پچھیتے جھلساؤ سے بچنے کیلئے قوت مدافعت کی حامل سبزیات کاشت کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ وائرسی بیماریوں سے سبزیوں کو بچانے کیلئے متاثرہ پودوں کو کھیت سے اکھاڑ کر دبا دیا جائے اور نرسری پر حملہ اور رس چوسنے والے کیڑوں کا بھی مکمل تدارک کیاجائے۔

بلاسم اینڈ راٹ کی بیماری کے بارے میں انہوں نے بتایاکہ یہ بیماری کیلشیم کی کمی اور نائٹروجن کھاد کی زیادتی سے پیداہوتی ہے اسلئے کھاد کی مناسب مقدار استعمال کرنے سے سمیت پنیری لگاتے وقت جڑوں کو زخمی ہونے سے بچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :