قازقستان کو 300 جدیدریل انجن کی فراہمی کیلئے امریکی کمپنی کے ساتھ 4.2 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے پر دستخط

منگل 23 ستمبر 2025 17:39

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) قازقستان اور امریکی کمپنی ویب ٹیک کے درمیان 4.2 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت امریکی کمپنی قازقستان کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس 300 ریل انجن فراہم کرے گی۔کازاانفارم کے مطابق معاہدے پر دستخط قازقستان کے صدر کے دورہ امریکا کے دوران کئے گئے جبکہ تقریب میں امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لُٹنک نے بھی شرکت کی۔

معاہدوں کے تحت قازقستان کو جدید خصوصیات کے حامل 300 ریل انجن فراہم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

امریکی کمپنی ویب ٹیک ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی میں عالمی شہرت رکھتی ہے اور قازقستان کی ریلویز کی جدیدکاری میں کلیدی شراکت دار ہے۔ویب ٹیک کا لوکوموٹیو اسمبلی پلانٹ 2009 سے آستانہ میں کامیابی سے کام کر رہا ہے۔ اس دوران کمپنی نے 230 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی ہے اور اب تک 600 سے زائد انجن قازقستان تیمیر ژولی (KTZ) اور برآمدات کے لیے تیار کیے جا چکے ہیں۔ پیداوار میں مقامی شراکت داری کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ جولائی 2024 میں ویب ٹیک نے قازقستان میں ایک نیا ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ سینٹر بھی قائم کیا جو جدت اور پیشہ ورانہ تربیت کا مرکز بن گیا ہے۔