یونیورسٹی آف سرگودھا میں بریسٹ سیلف ایگزامینیشن سرٹیفکیشن سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

منگل 23 ستمبر 2025 23:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ نفسیات اور کاؤنسلنگ سینٹر کے اشتراک سے بریسٹ سیلف ایگزامینیشن سرٹیفکیشن سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام کا آغازہوا، جس کا مقصد خواتین میں چھاتی کے کینسر سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت کے شعور کو فروغ دینا ہے۔ یہ سلسلہ عالمی یومِ ذہنی صحت کی تیاریوں کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی سیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ماہر امراض نسواں پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس خان (ممی کیئر سرٹیفائیڈ بریسٹ اسپیشلسٹ، امریکا) اور چیئرپرسن شعبہ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر نجمہ اقبال سمیت فیکلٹی ممبران، پرنسپلز اور چار سو سے زائد طالبات نے ورکشاپ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر قیصر عباس نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھاخواتین کی صحت اور فلاح کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، پالیسی سازی، بین الاقوامی روابط اور کمیونٹی آؤٹ ریچ کو ترجیح دیتی ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے ون ہیلتھ سینٹر کا بھی ذکر کیا جو تشخیصی وتحقیقی سہولیات فراہم کرتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے شرکاء کو بتایا کہ سیلف ایگزامینیشن کے ذریعے بیماری کی بروقت نشاندہی ممکن ہے اور بروقت علاج کے بعد مریض عام زندگی گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بین الاقوامی تربیت کی فیس اور سرٹیفکیٹ کے اخراجات بھی یونیورسٹی طالبات کو عطیہ کیے۔پروفیسر ڈاکٹر نجمہ اقبال نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات کو خود اعتمادی اور اپنی صحت کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہیں۔ تربیتی سیشن آئندہ دو روز تک جاری رہیں گے جن میں عملی مظاہرے اور کاؤنسلنگ بھی شامل ہو گی۔

متعلقہ عنوان :