قومی ثقافت اور مادری زبان کے خدمتگاروں کی خدمت اور احترام بھی ضروری ہے،گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

منگل 23 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ قومی ثقافت اور مادری زبان کے خدمتگاروں کی خدمت اور احترام بھی ضروری ہے، اگر ہم نے اپنی قومی زبانوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے تو ان کے وجود کو بھی کئی خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ پشتو اکیڈمی میں پشتون کلچرل ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےگورنر بلوچستان نے کہا کہ قومی زبان و ثقافت کی ترقی و ترویج کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور واقفیت اور استفادہ کرنے کی اشد ضروری ہے، ایسی تقاریب میں شرکت بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے مترادف ہے۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اپنی مادری زبان، ثقافت اور تاریخ سے روشناس کرائیں، کلچر کا دن ہمیں اجتماعیت اور اپنائیت کا احساس دلاتا ہے، کلچر ایک قوم کی اجتماعی یاداشت ہونے کے ناطے، ہزاروں سالوں پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

اقدار، تجربات اور تاریخ، جو ہماری مشترکہ شناخت اور مستقبل کی پیشرفت کی بنیاد کے طور پر کام کرتی ہے۔

کلچر وہ دھاگہ ہے جو ہمارے ماضی، حال اور مستقبل کو ایک ساتھ باندھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کی تاریخ ہزاروں سال کی قدامت رکھتی ہے اور پشتون زبان دنیا کی چالیس بڑی زبانوں میں شامل ہے، آج بھی پشتون قوم دلکش روایتی ملبوسات، ذائقہ دار کھانوں، ثقافتی رقص، جرگہ نظام، بشردوست اور مہمانوازی کی شاندار اقدار و روایات کی آمین ہے۔

تقریب مختلف سیاسی تنظیموں کے اکابرین، ایرانی کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر ابو الحسن امیری، پشتو اکیڈمی بلوچستان کے صدر ڈاکٹر رحمت اللہ نیازی سمیت ادباء شعراء اور خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پشتو اکیڈمی کے ممبران اور مہمانان گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور خواتین ممبرز کو ثقافتی شال پہنائے گئے۔ بعدازاں گورنربلوچستان نے پشتو اکیڈمی میں پشتو ڈیجیٹلائزیشن منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح کیا، کلچر ڈے کے حوالے سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اور قدیم نوادرات اور ثقافتی ملبوسات میں دلچسپی لی۔